ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے سہولت کاروں میں سے ایک خیبر پختونخوا کی نااہل اور لاتعلق حکومت بھی تھی، تاہم اب صوبے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والا ایک سہولت کار موجود نہیں ہے۔
30 اکتوبر 2026 کو عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے پاس دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے واضح حکمت عملی موجود ہے، جس کا بنیادی مقصد ملک کے اندر دہشت گردوں اور ان کے تمام سہولت کاروں کا خاتمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کوئی بھی شخص اصولی طور پر انسداد دہشت گردی آپریشنز کے خلاف نہیں، مخالفت صرف وہی عناصر کرتے ہیں جن کا دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں بڑے فوجی آپریشنز کے بجائے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور سیکیورٹی فورسز روزانہ تقریباً 200 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتی ہیں، جن میں پولیس، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر حصہ لیتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان اپنی داخلی مشکلات کو بیرونی عوامل سے منسوب نہیں کرتا اور نہ ہی یہ مؤقف اختیار کرتا ہے کہ ملک میں ہونے والی تمام دہشت گردی صرف افغانستان کی وجہ سے ہے۔ تاہم ان کے مطابق افغانستان دہشت گردوں کا بنیادی مرکز ہے، جہاں ان کی قیادت، تربیتی مراکز اور پاکستان میں حملوں کے لیے استعمال ہونے والے ٹھکانے موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 برس سے دہشت گردی کے خلاف مسلسل جنگ کے باعث پاکستان کو اس حوالے سے وسیع تجربہ حاصل ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے باعث سب سے زیادہ مشکلات برداشت کی ہیں اور وہ امن و استحکام کے مستحق ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے حکومت کی تبدیلی سے متعلق سوال پر کہا کہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے جس کا جواب سیاست دان بہتر دے سکتے ہیں، تاہم ان کے مطابق حکومت کی تبدیلی آئینی اور قانونی ضوابط کے تحت ہوئی تھی۔
بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ترقیاتی منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گرد مائننگ کے شعبے، ایل پی جی ٹرکوں، اسکولوں، اساتذہ، پلوں اور ریلوے لائنوں کو نشانہ بناتے ہیں تاکہ صوبے میں معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان میں بعض بااثر اشرافیہ اور دہشت گرد عناصر کا گٹھ جوڑ صوبے کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔ ان کے بقول یہ عناصر عوام کو غربت اور پسماندگی میں رکھ کر اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔







