ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات میں پیشرفت، امن معاہدے کا مسودہ زیر غور

0

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے قطر کی ثالثی میں سفارتی مذاکرات جاری ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ امن معاہدے کا مسودہ بھی متعلقہ فریقوں کی رائے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

مذاکرات کے بعد ایرانی وفد نئی امید اور مثبت پیشرفت کے ساتھ قطر سے واپس ایران پہنچ گیا۔ دوحہ میں مذاکراتی عمل سے آگاہ ایک سفارت کار نے الجزیرہ کو بتایا کہ ایرانی وفد کی واپسی مذاکرات میں ناکامی یا اختلافات کے باعث نہیں ہوئی بلکہ مجوزہ معاہدے پر متعلقہ فریقوں کی رائے حاصل کرنے کے لیے ہوئی ہے۔

سفارت کار کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے اور مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے۔ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ ملاقات کے امکان پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی جانب سے بھیجے گئے حالیہ خط کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں امریکی مؤقف کے لہجے میں نمایاں تبدیلی ایک مثبت اشارہ ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی امریکا کی جانب سے رابطے کی کوشش کو مثبت قدم قرار دیا، تاہم تہران نے واضح کیا ہے کہ کسی حتمی معاہدے کے لیے امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ اور ایران کے مطالبات کو تسلیم کرنا ضروری ہوگا۔

یہ سفارتی کوششیں ایسے وقت میں جاری ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر مزید حملے نہ کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم انتخابات کے بعد ممکنہ فوجی کارروائی کا خدشہ بدستور موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں