اسلام آباد:خیبر پختونخوا کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ ان کے مطالبات تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں اور وہ اپنے آئینی و قانونی مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایمرجنسی یا گورنر راج کا باقاعدہ اعلان کیے بغیر اس نوعیت کے اقدامات کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمت ہے تو باضابطہ اعلان کیا جائے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ان کا لانگ مارچ آئین اور قانون کے مطابق جاری رہے گا اور مطالبات پورے ہونے تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کی صورت میں صورتحال کی نوعیت یکسر تبدیل ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب سہیل آفریدی نے تمام متعلقہ سرکاری افسران کو ہدایت کی ہے کہ آئین پاکستان 1973 کے تحت شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پُرامن اجتماع، آزادی اظہار اور نقل و حرکت کے آئینی حقوق استعمال کرنے میں کسی غیرقانونی یا غیرآئینی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض آئین، قانون اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق غیرجانبداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی افسر کو بیرونی دباؤ، اثرورسوخ یا غیرمتعلقہ ہدایات کے تحت کام نہیں کرنا چاہیے۔
سہیل آفریدی کے مطابق امن و امان اور عوامی تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے، بلاامتیاز اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ان احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور انہیں ماتحت اداروں تک بھی پہنچایا جائے۔
خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق جاری سیاسی بحث کے دوران وزیراعلیٰ کے اس سخت مؤقف نے صوبے کی سیاسی صورتحال کو مزید اہم بنا دیا ہے۔ آئندہ دنوں میں وفاقی حکومت اور صوبائی قیادت کے درمیان صورتحال کس رخ پر جاتی ہے، اس پر سیاسی حلقوں کی نظریں مرکوز ہیں۔







