کراچی (ویب ڈیسک): اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیئے۔
چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو کی ہدایت پر جاری نتائج کے مطابق سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات کے لیے 15 ہزار 44 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 14 ہزار 683 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔
نتائج کے مطابق 6 ہزار 310 امیدوار تمام چھ پرچوں میں کامیاب قرار پائے، جبکہ 79 امیدوار پانچ، 747 چار، ایک ہزار 827 تین، ایک ہزار 864 دو اور ایک ہزار 783 امیدوار ایک پرچے میں کامیاب ہوئے۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد کے مطابق رواں سال انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات میں آئی بی سی سی اور محکمہ جامعات و بورڈز حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت نیا گریڈنگ سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔
نئے گریڈنگ سسٹم کے تحت کسی بھی پرچے میں 40 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے امیدوار کو ان گریڈڈ قرار دیا جائے گا اور اسے متعلقہ پرچے میں کامیاب تصور نہیں کیا جائے گا۔ ایسے امیدوار، اگر امتحان میں دوبارہ شرکت کی دیگر شرائط پوری کرتے ہوں، تو متعلقہ پرچے کا امتحان دوبارہ دے سکیں گے۔
نتائج کے اعلان کے بعد طلبہ اپنے نمبروں اور گریڈنگ سے متعلق تفصیلات بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ طریقہ کار کے مطابق حاصل کرسکتے ہیں۔
ماخذ: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی







