سرکاری افسران کو غیر ملکی شہریت کی تفصیلات ایک ہفتے میں جمع کرانے کی ہدایت

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت نے سول سرونٹس کے لیے غیر ملکی شہریت اور متعلقہ دستاویزات سے متعلق قواعد پر عملدرآمد مزید سخت کرتے ہوئے افسران کو مطلوبہ ڈیکلریشن ایک ہفتے کے اندر جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق سول سرونٹس کو اپنی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی پاسپورٹ یا سفری دستاویزات سمیت دیگر متعلقہ معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ افسران کو اپنے زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت اور متعلقہ حیثیت کی تفصیلات بھی ظاہر کرنا ہوں گی۔

ہدایت کے مطابق غیر ملکی شہری سے شادی سے متعلق معلومات بھی ڈیکلریشن میں شامل کرنا لازم ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ غلط معلومات فراہم کرنا یا مطلوبہ ڈیکلریشن جمع نہ کرانا محکمانہ کارروائی کا باعث بن سکتا ہے۔

نئے قواعد کے تحت غلط ڈیکلریشن یا معلومات چھپانے کو مس کنڈکٹ تصور کیا جائے گا، جبکہ عدم تعمیل کی صورت میں سول سرونٹس کے خلاف سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے چیف سیکرٹریز اور صوبائی پولیس کے سربراہان کو بھی قواعد پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ جون 2026 میں نافذ کیے گئے نئے قواعد کے تحت سول سرونٹس کے لیے غیر ملکی شہریت، پاسپورٹ، مستقل رہائش اور دیگر متعلقہ غیر ملکی حیثیت ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

حکام کی جانب سے جاری تازہ ہدایات کا مقصد سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریت اور متعلقہ دستاویزات کا ریکارڈ مکمل کرنا اور قواعد پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں