سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان کے داخلی استحکام کو قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے قانون کے مطابق بلاامتیاز نمٹا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں، قومی دفاع اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
شہداء کو خراجِ عقیدت
کانفرنس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
افغانستان سے دہشت گردی اور پاکستان کا دفاعی حق
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کو پاکستان کا دفاعی حق قرار دیا۔
فورم نے دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے طالبان قیادت کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔
کانفرنس میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کو سراہا گیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی اقدامات کے ساتھ مؤثر انتظامی اصلاحات اور بہتر طرزِ حکمرانی کو بھی ضروری قرار دیا گیا۔
دہشت گردی کے خاتمے کے لیے گورننس اور پولیس کی استعداد بڑھانے پر زور
کانفرنس میں اس مؤقف کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی کے مستقل خاتمے کے لیے حکومتی نظام کو نچلی سطح پر عوام کے قریب لانا، عوام کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور دہشت گردی کے اسباب سے متعلق آگاہی ضروری ہے۔
شرکاء نے جرائم اور دہشت گردی کے مبینہ گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی تعاون کا خیرمقدم
کور کمانڈرز کانفرنس نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا۔
شرکاء نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کا مطالبہ
کانفرنس کے شرکاء نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی ہدایت
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے فارمیشنز کو جدید ٹیکنالوجی کے حصول، تربیت اور جنگی صلاحیتوں کے مختلف شعبوں میں ہم آہنگی کے ذریعے دفاعی استعداد بڑھانے کا عمل جاری رکھنے پر زور دیا۔
کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔







