اسلام آباد (پاک ناروے نیوز، یکم اکتوبر 2026) — خیبر پختونخوا کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے مستقبل سے متعلق مختلف آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال، امن و امان اور ممکنہ آئینی اقدامات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قانونی اور آئینی پہلو بھی زیر بحث آئے، تاہم کسی حتمی فیصلے کا اعلان سامنے نہیں آیا۔
رپورٹ کے مطابق مشاورت میں صوبائی حکومت کی کارکردگی، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات متوقع ہے، جس میں خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس کے بعد وزیراعظم کی جانب سے اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔







