وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی بزنس کونسلز کے وفود کی ملاقات، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

0

نیویارک میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ (BCIU) اور امریکا پاکستان بزنس کونسل (USPBC) کے وفود نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، معاشی اصلاحات اور مختلف شعبوں میں پاک امریکا کاروباری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، فنانس، مشروبات، مینوفیکچرنگ، ادویات اور آرگینک مصنوعات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی کاروبار اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا بزنس کونسل اور بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان کاروباری روابط کے لیے اہم پل کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

شہباز شریف کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ ان کے بقول ملکی معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔ وزیراعظم نے خطے میں طویل مدتی امن کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے اہم قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ساختی اور پالیسی سطح پر اصلاحات جاری ہیں جبکہ معیشت کی ڈیجیٹائزیشن، ٹیکنالوجی اور ای گورننس کے فروغ پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے زرعی شعبے کو بھی سرمایہ کاری کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، مشینری اور زرعی آلات کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار بڑھانے، اخراجات کم کرنے اور کارکردگی بہتر بنانے کے مواقع موجود ہیں۔

شہباز شریف نے کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، بندرگاہوں اور جہاز رانی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات بھی اجاگر کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور ملک کی نوجوان آبادی کو جدید مہارتوں اور پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا بنیادی کردار نجی شعبے کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کرنا اور سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے نجکاری کو بھی سرمایہ کاری کے اہم شعبوں میں شامل کیا اور کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ہوچکی ہے جبکہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری بھی کی جائے گی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار اور امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان احمد شیخ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں