دِرامن، ناروے: ناروے کے شہر دِرامن میں منعقد ہونے والا ویکن کپ کرکٹ ٹورنامنٹ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، جس میں ناروے کے 16 کرکٹ کلبوں نے شرکت کی۔






ویکن کپ کا انعقاد ناروے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے سابق کرکٹر ظہیر عاشق المعروف بابری نے کیا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر خطیر انعامی رقم رکھی گئی تھی، جس کے تحت فاتح ٹیم کے لیے 50 ہزار نارویجن کرونر جبکہ رنر اپ ٹیم کے لیے 10 ہزار نارویجن کرونر کا نقد انعام مقرر تھا۔ نمایاں انفرادی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے بھی خصوصی انعامات رکھے گئے تھے۔






ٹورنامنٹ کا فائنل ناروے کی مضبوط ٹیموں فوسم اور سنسن کے درمیان کھیلا گیا۔ فائنل میچ کا آغاز ناروے کے قومی ترانے سے ہوا۔ فوسم نے ٹاس جیت کر سنسن کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
سنسن نے مقررہ اوورز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 192 رنز کا مضبوط مجموعہ اسکور کیا، جس کے بعد فوسم کو کامیابی کے لیے 193 رنز کا ہدف ملا۔
ہدف کے تعاقب میں فوسم کی مضبوط بیٹنگ لائن سنسن کے باؤلرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم صرف 65 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
سنسن کی جانب سے منصور شاہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ سنسن نے فائنل میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ویکن کپ اپنے نام کرلیا۔





ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ تقریب میں ناروے کرکٹ بورڈ کے صدر سید یوسف گیلانی، شیخ طارق سمیت کرکٹ سے وابستہ افراد اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں انعامات ناروے کرکٹ بورڈ کے صدر سید یوسف گیلانی اور شیخ طارق نے تقسیم کیے، جبکہ نمایاں انفرادی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں جماعت اہلسنت ناروے کے صدر اور سینئر سماجی عہدیدار چوہدری زاہد اسلم، مہمند چک مبارک، شاہ محمد طارق، امتیاز وڑائچ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
سنسن کے لیے ویکن کپ کی کامیابی حالیہ سیزن کی ایک اور نمایاں کامیابی ہے۔ ٹیم اس سے قبل نارویجن لیگ چیمپئن بننے کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ناروے چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن بھی حاصل کرچکی ہے۔







