پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ، سرکاری مشینری کے استعمال پر پابندی

0

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو ممکنہ لانگ مارچ اور احتجاج سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ کسی سیاسی جماعت یا رہنما کو اسلام آباد کی سڑکوں، شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں، انٹرچینجز یا ٹول پلازوں پر قبضے یا شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا اختیار نہیں۔

عدالت نے واضح کیا کہ احتجاج، مارچ یا ریلی کے ذریعے شہریوں کے بنیادی حقوق، کاروباری سرگرمیوں اور آمدورفت کو متاثر نہیں کیا جاسکتا۔

فیصلے میں ہدایت کی گئی کہ کوئی سرکاری افسر کسی احتجاج یا ریلی میں شرکت کے لیے اپنے ماتحت اہلکاروں کو مجبور نہیں کرے گا۔ صوبائی حکومتیں بھی اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ سرکاری مشینری، گاڑیاں، سرکاری وسائل یا عوامی فنڈز کسی سیاسی احتجاج کے لیے استعمال نہ ہوں۔

عدالت نے وزرائے اعلیٰ کو سرکاری مشینری کے سیاسی احتجاج میں استعمال کی روک تھام یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ صوبوں کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز، چیف کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ حکام کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

عدالت نے مزید قرار دیا کہ اگر کسی سرکاری ملازم کو سیاسی احتجاج میں شرکت یا سرکاری وسائل استعمال کرنے پر مجبور کیا جائے تو وہ فوری طور پر متعلقہ چیف سیکریٹری، چیف کمشنر یا آئی جی کو اطلاع دے۔

سماعت کے دوران 2022 اور 2024 کے پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق ویڈیوز بھی عدالت میں پیش کی گئیں۔ سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ احتجاج کے دوران سرکاری املاک اور مشینری کو نقصان پہنچا اور اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال متاثر ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں، جبکہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ غیرقانونی اجتماع اور سرکاری مشینری کے سیاسی استعمال کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

سماعت میں آئی جی خیبرپختونخوا سے بھی ان کا بیان حلفی لیا گیا۔ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ اگر کوئی غیرقانونی یا غیرآئینی اجتماع ہو تو اسے روکا جائے اور قانون کے مطابق مظاہرین کو منتشر کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد، صوبائی چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو عدالتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں