عبدالعلیم خان کی ناروے کے نئے بادشاہ سے ملاقات، شاہی خاندان سے اظہارِ تعزیت

0

اوسلو: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ناروے کے نئے بادشاہ کنگ ہاکون ہشتم سے ملاقات کی اور پاکستان کی جانب سے شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔

عبدالعلیم خان نے 10 ستمبر کو کنگ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے ناروے کے نئے بادشاہ، شاہی خاندان اور عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا پیغام پہنچایا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر قائم ہیں۔ ناروے کی قیادت نے بھی اس موقع پر پاکستان کی اعلیٰ سطحی شرکت کو سراہا۔

عبدالعلیم خان نے دورۂ اوسلو کے دوران ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر کی ملاقاتیں ناروے کی وزیر ثقافت و مساوات لبنا جعفری، وزیر برائے بین الاقوامی ترقی آسمند اوکرست، وزارت خارجہ کے اسٹیٹ سیکریٹری اینڈریاس موتزفیلٹ کراوک اور میئر اوسلو اینی لنڈبو سے بھی ہوئیں۔ اس کے علاوہ ناروے کے وزیر خزانہ اور سابق نیٹو سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ سے بھی ملاقات ہوئی۔

پاکستانی سفیر برائے ناروے عاصم علی خان بھی وفاقی وزیر کے سرکاری مصروفیات کے دوران ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقاتوں میں تعزیت کے علاوہ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں