قومی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان کو فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع نہ ہونے کے باعث ڈومیسٹک کرکٹ کے آئندہ میچز سے باہر کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز کی متعلقہ محکموں کی جانب سے فٹنس ٹیسٹ رپورٹس پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول نہیں ہوئیں، جس کے باعث وہ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے پہلے راؤنڈ میں اپنی ٹیموں کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔
پریزیڈنٹ ٹرافی کا آغاز 12 ستمبر سے راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور پشاور میں ہوگا۔ امام الحق نے او جی ڈی سی ایل کی قیادت کرتے ہوئے پی ٹی وی کے خلاف میچ کھیلنا تھا، جبکہ شان مسعود کی عدم موجودگی میں محمد رضوان کو سوئی گیس کی قیادت کرنا تھی۔
پی سی بی کے قواعد کے مطابق فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع کرانا لازمی ہے، جبکہ تمام کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک سیزن میں کم از کم پانچ میچز کھیلنے کی شرط بھی موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے ڈومیسٹک کرکٹ سے باہر ہونے کے ساتھ ان کے سینٹرل کنٹریکٹ کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
Disclaimer: This report is based on publicly available information and reported sources. The latest PCB position has not been independently verified.







