ملک میں لوڈ شیڈنگ پر وزیراعظم کا نوٹس، دو گھنٹے سے زیادہ بجلی بند نہ کرنے کی ہدایت

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں جاری بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے حکام پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اجلاس میں حکام نے بتایا کہ خطے کی صورتحال، آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں کمی اور طلب و رسد میں فرق پیدا ہوا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آر ایل این جی کی فراہمی میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور بجلی کی پیداوار و ترسیل کے لیے دستیاب تمام وسائل مؤثر انداز میں استعمال کیے جائیں تاکہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہ ہو۔

اجلاس میں بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ڈسکوز کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی کو بھی شامل کیا جائے اور انہیں ایک ہفتے کے اندر فعال کیا جائے۔

حکام کے مطابق بجلی صارفین ہیلپ لائن 118 کے ذریعے اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ شکایت درج ہونے کے بعد صارف کو ٹوکن نمبر اور متوقع ازالے کا وقت بھی بتایا جاتا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مون سون بارشوں کے باعث اس وقت ضلع راجن پور کے علاوہ ملک بھر میں کسی صارف کی بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، مصدق ملک، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں