اسلام آباد/اوسلو: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ناروے کے آنجہانی شاہ ہیرالڈ پنجم کی سرکاری آخری رسومات میں حکومتِ پاکستان کی نمائندگی کی۔






عبدالعلیم خان نے اوسلو کے رائل پیلس میں ناروے کے نئے بادشاہ ہاکون ہشتم اور ملکہ میٹے میریٹ سے ملاقات کی اور حکومت و عوام پاکستان کی جانب سے شاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شاہی خاندان اور ناروے کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے اوسلو کیتھیڈرل میں منعقدہ شاہ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں شرکت کی، جس کے بعد رائل پیلس میں منعقدہ استقبالیہ میں بھی شریک ہوئے۔ بعد ازاں انہوں نے اوسلو سٹی ہال میں ناروے کی حکومت کی جانب سے دیے گئے استقبالیے میں شرکت کی۔
سٹی ہال میں عبدالعلیم خان کے ہمراہ پاکستان کے سفیر برائے ناروے عاصم علی خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کی ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے، وزیر ثقافت و مساوات لبنا جعفری، وزیر برائے بین الاقوامی ترقی آسمونڈ آکروست، اسٹیٹ سیکریٹری اینڈریاس موٹزفیلٹ کراوک، اوسلو کی میئر اینے لِنڈبو اور ناروے کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
شاہ ہیرالڈ پنجم 28 اگست 2026 کو 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد ان کے صاحبزادے ہاکون ہشتم نے ناروے کے بادشاہ کی حیثیت سے تخت سنبھالا۔ شاہ ہیرالڈ کی سرکاری آخری رسومات 9 ستمبر کو اوسلو میں ادا کی گئیں، جہاں مختلف ممالک کے شاہی خاندانوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
عبدالعلیم خان کی شرکت پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستانہ تعلقات اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی احترام کی عکاسی کرتی ہے۔







