پیرس میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کا چھٹا سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر

0

پیرس میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے لیے چھٹا سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر پروقار انداز میں منعقد ہوا، جس میں فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کینسر کے مستحق مریضوں کے علاج کے لیے بھرپور مالی تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف پاکستانی اداکار احد رضا میر تھے، جبکہ پاکستان سے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن ملک نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ میاں ذوالفقار جتالا اور یاسر قدیر نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

شوکت خانم میموریل فاؤنڈیشن فرانس کے ڈائریکٹر مشتاق خان جدون نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے شوکت خانم کے جاری منصوبوں، خصوصاً کراچی میں زیرِ تعمیر تیسرے کینسر ہسپتال کے بارے میں آگاہ کیا۔

ڈاکٹر احسن ملک نے شوکت خانم کے لاہور اور پشاور ہسپتالوں کی خدمات اور کارکردگی پر روشنی ڈالی، جبکہ کراچی میں زیرِ تعمیر ہسپتال کے منصوبے، مریضوں کے لیے سہولیات اور مستقبل میں اس سے مستفید ہونے والے افراد کے بارے میں تفصیلات بھی بیان کیں۔

احد رضا میر نے اپنے خطاب میں شوکت خانم کے مشن کو سراہتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ کینسر کے مستحق مریضوں کی مدد کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق بھرپور تعاون جاری رکھیں۔

تقریب سے چودھری شاہین اختر، سردار ظہور اقبال، تاج دین سکھیرا، چودھری گلزار لنگڑیال، اشفاق جٹ، فضل مغل، روحی بانو، آصفہ ہاشمی اور شاذ ملک سمیت دیگر سماجی، سیاسی اور کاروباری شخصیات نے بھی خطاب کیا اور شوکت خانم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اختتام پر فنڈ ریزنگ کمیٹی کے سینئر ممبران حمزہ تاج اور مبارک خان چدون نے مہمانِ خصوصی، معزز مہمانوں، مقررین، منتظمین اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

فنڈ ریزنگ ڈنر میں پاکستانی کمیونٹی نے شوکت خانم کے لیے بھرپور مالی تعاون کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستحق کینسر مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی کے لیے اس عظیم فلاحی مشن میں آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں