وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (EDF) کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں برآمدات کے فروغ اور خصوصاً چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (EXIM Bank) کی جانب سے SMEs کے لیے برآمدی انشورنس کوریج فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔
وزیراعظم کے مطابق 3 ارب روپے کا رسک پول SMEs کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی بڑھانے میں مدد دے گا، جس سے کاروباری اداروں کو اپنی برآمدات میں اضافے کے لیے سہولت ملنے کی توقع ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں کی جانے والی اصلاحات اور تنظیم نو کو سراہتے ہوئے بتایا کہ ادارے کی قیادت اب نجی شعبے کے ماہرین کے سپرد کی گئی ہے۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے پاس موجود 24 ارب روپے کاروباری برادری کی سہولت کے لیے سرمایہ کاری کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مزید انفراسٹرکچر پر اخراجات نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ EDF کے تحت تحقیق، اسکلز ڈویلپمنٹ اور پاکستانی کاروباری اداروں کی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یورپی مارکیٹ تک پاکستان کی رسائی کے لیے GSP Plus تجارتی سہولت میں توسیع سے متعلق بھی اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کا مقصد برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینا اور پاکستان کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے مزید پرکشش بنانا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، EDF بورڈ کے چیئرمین عمر سعید اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔







