جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں جب گھر کو آگ لگی ہو تو اسے تقسیم نہیں کیا جاتا، حکومت کو تنقید کا برا منانے کے بجائے اپنی غلطیوں اور کمزوریوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔
ساہیوال میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کے حکمران جس آئین کے تحت حلف اٹھاتے ہیں، خود اسی کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ 80 برس کے دوران ملک جمہوریت، اسلام اور معاشی ترقی کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکا۔
انہوں نے ملک کے موجودہ مسائل کا ذمہ دار جاگیردار، جرنیل، سرمایہ دار اور بیوروکریسی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ 80 سالہ طرزِ حکمرانی اور مخالفین کے ساتھ رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
نئے صوبوں کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب سرائیکی اور ہزارہ صوبے کی بات کی جاتی تھی تو اس وقت بھی بعض حلقے اس کے مخالف تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ملک کو تقسیم کرنے کے بجائے پہلے درپیش مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے 18ویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معدنی وسائل اور صوبائی محصولات سے متعلق آئینی معاملات بھی بعض لوگوں کو قابلِ قبول نہیں۔ ان کے بقول ملک میں امن، معیشت اور جمہوریت کے حوالے سے سنگین مسائل موجود ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کے بعض علاقوں میں بدامنی کے باعث عام آدمی مزدوری، سفر اور روزمرہ کام کرنے سے بھی قاصر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بار بار آپریشنز کے باوجود اگر مسئلہ بڑھتا جائے تو ریاست کو اپنی پالیسیوں اور کمزوریوں کا جائزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست عوام سے بنتی ہے اور عوام کے بغیر ریاست بے معنی ہو جاتی ہے۔ ان کے مطابق جہاں امن و امان نہ ہو وہاں معاشی ترقی بھی ممکن نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے عالمی مالیاتی اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے دباؤ میں ہے اور ملک کو اپنے وسائل کے حوالے سے خود فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر فیصلہ کرتے وقت ملک کے موجودہ حالات، ماحول اور تیاری کو سامنے رکھنا ہوگا۔







