پمز سانحہ: وفاقی پولیس نے انکوائری رپورٹ مکمل کرلی

0

اسلام آباد: وفاقی پولیس نے پمز اسپتال کی نرسری میں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کے سانحے کی انکوائری رپورٹ مکمل کرلی ہے۔

رپورٹ وفاقی پولیس نے اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل پولیس کو ارسال کردی ہے، جبکہ اسے مزید کارروائی کے لیے وزارتِ داخلہ کو بھی بھیجے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں متعلقہ افسران اور طبی عملے کے تحریری بیانات کے ساتھ ان کی لوکیشن سے متعلق معلومات بھی شامل کی گئی ہیں۔ پمز اسپتال اور سیف سٹی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی انکوائری کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پولیس نے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز عمران سکندر اور پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ سمیت دیگر متعلقہ ڈاکٹروں اور افسران کے بیانات بھی ریکارڈ کیے ہیں۔ ان میں ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر مطاہر، چوہدری وارث علی رضا، ڈاکٹر نوشیلا امجد، ڈاکٹر محمد عثمان اور ڈاکٹر عبدالرحمان شامل ہیں۔

سانحے کے دوران ایک بچے کو بچانے والی نرس رضیہ کا بیان بھی انکوائری میں شامل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کارروائی ضابطہ فوجداری کی دفعہ 174 کے تحت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کا فیصلہ وزارتِ داخلہ کی حتمی منظوری کے بعد کیا جائے گا، جس میں مقدمہ درج کرنے کا معاملہ بھی شامل ہے۔

تاہم، انکوائری رپورٹ کے حتمی نتائج اور کسی فرد کی ذمہ داری کا تعین متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں