اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے راول جھیل کے کنارے پاکستان نیول فارمز اور نیول سیلنگ کلب کو غیر قانونی قرار دینے سے متعلق سابق سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
جسٹس انعام امین منہاس اور جسٹس شاہ رخ ارجمند پر مشتمل ڈویژن بینچ نے وزارت دفاع، سابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور دیگر کی جانب سے دائر اپیلیں منظور کرتے ہوئے 2022 میں جاری کیے گئے سنگل بینچ کے فیصلے کو ختم کردیا۔
عدالت نے نیول سیلنگ کلب کی عمارت گرانے کا سابق حکم بھی کالعدم قرار دے دیا۔ اسی طرح سابق نیول چیف ظفر محمود عباسی کے خلاف مس کنڈکٹ اور فوجداری کارروائی سے متعلق احکامات بھی ختم کردیئے گئے۔
عدالت نے نیول فارمز کے لیے زمین پاکستان نیوی ہیڈکوارٹر کے دفتر کے نام منتقل کیے جانے کو غیر قانونی قرار دینے سے متعلق سابق حکم بھی کالعدم قرار دے دیا۔
سابق فیصلے میں آڈیٹر جنرل کو قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے اور متعلقہ افسران سے رقم کی وصولی سے متعلق ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں۔ ڈویژن بینچ نے یہ احکامات بھی کالعدم قرار دے دیے۔
اپیلوں کی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے اشتر اوصاف، سردار احمد جمال اور عبد الواحد قریشی جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اور سی ڈی اے کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالتی فیصلے کے نتیجے میں نیول فارمز اور نیول سیلنگ کلب کے خلاف 2022 میں جاری کیے گئے سنگل بینچ کے متعدد احکامات ختم ہوگئے ہیں۔







