پاکستان اور کرغزستان میں تجارت، آئی ٹی اور انسداد دہشتگردی سمیت متعدد معاہدے

0

بشکیک: پاکستان اور کرغزستان نے تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے۔

معاہدوں کی تقریب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر نے شرکت کی۔ دستخطوں کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تجارت اور نجی شعبے کے روابط کو مزید فروغ دیں گے۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور کرغزستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی متفق ہیں۔ دونوں ممالک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے بھی مل کر کام کریں گے۔

شہباز شریف نے لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کے اقدام کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی اور عوامی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

وزیراعظم نے کاسا توانائی منصوبے پر پیش رفت کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔

پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تجارت کا حجم 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے کاروباری قوانین اور تجارتی طریقہ کار کو آسان بنانے اور نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، جبکہ حالیہ معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مرحلے کی بنیاد بن سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں