شاہد آفریدی کا حکمرانوں سے سوال: سرکاری اسپتال اور تعلیمی ادارے اچھے ہیں تو اپنے بچے وہاں کیوں نہیں بھیجتے؟

0

اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے معیار پر حکمرانوں سے سوال اٹھا دیا۔

شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پمز میں 14 نومولود بچے جان سے چلے گئے، واقعے کی انکوائری رپورٹ سامنے آچکی ہے اور ذمہ دار قرار دیے گئے متعلقہ افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف فوجداری کارروائی کی ہدایت بھی کی گئی ہے، تاہم کوئی بھی کارروائی ان معصوم جانوں کو واپس نہیں لاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ اگر سرکاری اسپتال اور تعلیمی ادارے واقعی معیاری اور بہترین ہیں تو اقتدار میں بیٹھے لوگ اپنے بچوں کو وہاں کیوں نہیں بھیجتے؟

سابق کپتان نے زور دیا کہ پاکستان کے ہر شہری کو صحت اور تعلیم کی یکساں اور معیاری سہولیات ملنی چاہئیں۔

پمز واقعے کی عبوری انکوائری میں اسپتال میں فائر سیفٹی، ہنگامی تیاری اور انتظامی نگرانی سے متعلق سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر 8 متعلقہ افسران کے خلاف معطلی اور محکمانہ و فوجداری کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم انکوائری میں آگ لگنے کی حتمی وجہ ابھی مکمل طور پر متعین نہیں کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں