اسلام آباد: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلا اہم اجلاس آج 31 اگست کو استنبول میں ہوگا۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ عسکری حکام شرکت کریں گے۔ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کریں گے۔
اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے خدوخال، اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے دفاعی و سیاسی تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی رابطوں، سکیورٹی تعاون اور مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ چکے ہیں۔ استنبول پہنچنے کے بعد اسحاق ڈار نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار پر حاضری دی اور پاکستان، پاکستانی عوام کے امن، سلامتی اور خوش حالی کے لیے دعا کی۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست 2026 کو مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور کسی ایک رکن ملک کے خلاف مسلح جارحیت کو تمام فریقوں کے خلاف جارحیت تصور کرنے کے اصول پر اتفاق کیا ہے۔
استنبول کا اجلاس اس معاہدے پر عملی پیش رفت کے لیے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی اور تزویراتی تعاون کو آگے بڑھانے کے طریقہ کار پر غور ہوگا۔







