پمز آتشزدگی: 8 افسران معطل، فوجداری کارروائی کی منظوری، عبوری رپورٹ پبلک کرنے کا حکم

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پمز کے نیو نیٹل وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کی سفارشات پر کارروائی کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم نے پمز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت 8 عہدیداروں کو فوری طور پر معطل کرنے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

معطل کیے جانے والے افسران میں پمز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور ڈاکٹر اویس علی شاہ، نیو نیٹل ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ریاض، سینئر رجسٹرار ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی محمد عثمان اور سی ڈی اے ایمرجنسی سروسز کے ڈی جی ڈاکٹر عبدالرحمان شامل ہیں۔

وزیراعظم نے پمز کی سیکیورٹی پر مامور نجی کمپنی اور اس کے متعلقہ عہدیداران کے خلاف بھی کارروائی کی منظوری دی ہے۔

## آتشزدگی کی سنگین غفلت سامنے آگئی

تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کے مطابق پمز میں آگ یا دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور جامع ایس او پیز اور تربیت کا فقدان پایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پمز کے 13 ایس او پیز میں صرف دو ذیلی حصوں میں آگ یا ہنگامی صورتحال کا ذکر موجود تھا، جبکہ واقعے کے وقت سپروائزری اسٹاف بھی ڈیوٹی پر موجود نہیں تھا۔

واقعے کے وقت نیو نیٹل وارڈ میں دو نرسیں، ایک خاتون سیکیورٹی گارڈ اور ایک ہاؤس آفیسر موجود تھے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے بعد تقریباً دو منٹ میں پورا وارڈ آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ وارڈ میں فائر الارم اور اسپرنکلر سسٹم بھی موجود نہیں تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایمرجنسی سروسز کو آگ لگنے کے تقریباً 6 منٹ بعد کال کی گئی، جبکہ پہلا ایمرجنسی رسپانس تقریباً 15 منٹ بعد پہنچا۔

نومولود کو بچانے والی نرس کے لیے اعزاز

وزیراعظم نے آگ کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود کو بچانے والی نرس کے لیے ستارۂ خدمت دینے کی منظوری دی ہے۔

وزیراعظم نے وارڈ میں موجود ایک نرس اور خاتون سیکیورٹی گارڈ کو او ایس ڈی بنانے اور مزید تحقیقات جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

پمز کے قائم مقام ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی تعیناتی

وزیراعظم نے سی ای او نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ڈاکٹر محمد سلمان کو پمز کا قائم مقام ایگزیکٹیو ڈائریکٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جن افسران کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے، ان کی جگہ نئے افسران کی فوری تعیناتی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

ایک ماہ پہلے بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا

تحقیقاتی کمیٹی کو بتایا گیا کہ جولائی میں پمز کے نرسنگ ہاسٹل میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، تاہم اس کے باوجود اسپتال میں فائر سیفٹی کے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

بریفنگ کے مطابق نیو نیٹل وارڈ میں عالمی ادارۂ صحت کی فائر سیفٹی سے متعلق متعدد ضروری ہدایات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تھا۔

عبوری رپورٹ عوام کے لیے جاری کرنے کا حکم

وزیراعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ فوری طور پر عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹ وزارتِ قومی صحت کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی موت ایک انتہائی افسوسناک اور دل خراش واقعہ ہے، ذمہ داروں کو مثالی سزا دلائی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسی غفلت کے باعث کسی ماں کو اپنے بچے سے محروم نہ ہونا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں