کراچی: عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر قائد میں تین مرکزی جلوس نکالے جائیں گے، جس کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا، جبکہ صرف خصوصی اجازت نامہ رکھنے والی گاڑیوں کو اس شاہراہ پر داخلے کی اجازت ہوگی۔
پہلا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے مولانا یعقوب عطاری کی قیادت میں دوپہر تقریباً ڈھائی بجے روانہ ہوگا۔ جلوس نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزار حبیب مسجد پہنچے گا، جہاں عصر کے وقت اختتام ہوگا۔
دوسرا جلوس نیو میمن مسجد، بولٹن مارکیٹ سے مولانا اکبر درس کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے روانہ ہوگا اور آرام باغ مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
تیسرا مرکزی جلوس بھی نیو میمن مسجد سے مولانا شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام 6 بجے نشتر پارک پہنچے گا، جہاں میلاد النبی ﷺ کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ جلوسوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ ٹریفک دباؤ سے بچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں۔ مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات ہوں گے جو شہریوں کی رہنمائی کریں گے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق 12 ربیع الاول کے موقع پر کراچی میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس پرامن ماحول میں اور ٹریفک کی روانی کو کم سے کم متاثر کرتے ہوئے مکمل کیے جاسکیں۔







