اسلام آباد: سپریم کورٹ کے حکم کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سخت سکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی منتقلی کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ ان کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ بھی موجود تھیں۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی کے پیش نظر شفا انٹرنیشنل اسپتال اور اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ آئی جی اسلام آباد سمیت ڈی آئی جی سی ٹی او اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی اسپتال پہنچے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اسپتال کے اطراف میں ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے، جبکہ سکیورٹی کلیئرنس کے دوران سڑک پر موجود گاڑیوں کو ہٹایا گیا۔ اسپتال سے متصل سڑک کو بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے قبل ڈاکٹروں کی 6 رکنی ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کیا اور رپورٹس کا جائزہ لیا۔ طبی معائنے کے بعد انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب عمران خان کی منتقلی سے قبل اڈیالہ جیل اور اطراف میں بھی سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔ پولیس نے قریبی دکانیں بند کرادیں جبکہ علاقے میں نصب بعض لائٹس بھی بند کردی گئیں۔ اسلام آباد پولیس اسکواڈ کی دو گاڑیاں بھی اڈیالہ جیل پہنچیں۔
ادھر جیل ذرائع کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال کے کسی مخصوص حصے کو تاحال سب جیل قرار دینے کے حوالے سے محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کو کوئی باضابطہ حکم موصول نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق کسی عمارت کو سب جیل قرار دینے اور وہاں جیل عملہ تعینات کرنے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے احکامات درکار ہوتے ہیں، تاہم اس حوالے سے محکمہ جیل خانہ جات کو فی الحال کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئیں۔







