کشمیر سے متعلق امریکی سفیر کے بیان پر پاکستان کا شدید احتجاج

0

پاکستان نے بھارت میں تعینات امریکی سفیر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے اور متنازع بیان پر شدید احتجاج کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا اور بھارت میں امریکی سفیر کے جموں و کشمیر سے متعلق بیان پر پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔

پاکستان نے امریکی سفیر کے بیان کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور اس کی شدید مذمت کی۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جس کی حتمی حیثیت کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی حکومت کے عوامی بیانات جموں و کشمیر کی تسلیم شدہ متنازع حیثیت کے مطابق ہونے چاہئیں۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حتمی حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں امریکی سفیر کی جانب سے کشمیر کی قانونی حیثیت سے متعلق دیا گیا بیان واشنگٹن کے سابقہ مؤقف سے انحراف ہے۔

پاکستان نے معرکہ حق کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی پیشکش کو بھی سراہا اور واضح کیا کہ کشمیر کے تنازع پر کسی بھی مؤقف کو اس کی متنازع اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کیا جانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں