راشد منہاس شہید کی 55ویں برسی، صدر مملکت اور عسکری قیادت کا خراجِ عقیدت

0

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر اور نشانِ حیدر کے حامل راشد منہاس شہید کی 55ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور عسکری قیادت نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وطن کے دفاع کے لیے ان کی قربانی کو قومی تاریخ کا روشن باب قرار دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راشد منہاس شہید کی برسی پر ان کی بہادری اور عظیم قربانی کو یاد کیا۔

مسلح افواج کے سربراہان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1971 میں آج ہی کے روز پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے انتہائی مشکل صورتحال میں غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق راشد منہاس شہید کی بے مثال قربانی وطن کے دفاع کے لیے فرض شناسی، وفاداری، عزم اور جرات کی نمایاں مثال ہے۔ ان کی قربانی کی یاد آنے والی نسلوں اور پاک فوج کے جوانوں کو ہمیشہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے حوصلہ دیتی رہے گی۔

عسکری قیادت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔

صدر مملکت کا بھی خراجِ عقیدت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کی 55ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ راشد منہاس شہید نے کم عمری میں وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ قوم کے لیے قابلِ فخر رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے کم عمر نشانِ حیدر حاصل کرنے والے راشد منہاس کی قربانی قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ ان کی زندگی اور شہادت نوجوان نسل کو وطن سے وفاداری، عزم اور بہادری کا درس دیتی ہے۔

ایوانِ صدر کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ قوم راشد منہاس سمیت تمام شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے قومی ہیروز کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی لازوال قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں