اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں ردوبدل کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی جبکہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 20 اگست 2026 سے ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے طے کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 32 روپے 63 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 2 روپے 97 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 334 روپے 54 پیسے سے بڑھ کر 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ حکومت اور آئل ریفائنریز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق ریفائنریز نے ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کے لیے حکومت کی درخواست قبول کرلی تھی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریفائنریز کے تعاون کے بعد اوگرا ڈیزل کی قیمت میں کمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 334 روپے 54 پیسے جبکہ ڈیزل 395 روپے 69 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔
اب نئی قیمتوں کے تحت پیٹرول 337 روپے 51 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔







