اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر ملک کی پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان کردیا، جس میں نوجوانوں کی تعلیم، روزگار، ہنرمندی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا قومی ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے جوڑ کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر آگے لے جایا جائے گا۔
نیشنل یوتھ پالیسی کے تحت لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹا مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ نوجوانوں کو ملازمت کے بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دینے کے لیے اسٹارٹ اپس میں 10 فیصد کوٹا رکھنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی جدید تعلیم کے لیے ایک ہزار پاکستانی طلبہ کو سرکاری اخراجات پر چین بھیجا جائے گا، جبکہ گزشتہ برس بھی پاکستانی طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر چین میں تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے تھے۔
انہوں نے اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا، جہاں جدید اور تکنیکی تعلیم پر توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم کے مطابق یونیورسٹی میں داخلے میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے اور مالی استطاعت تعلیم کے حصول میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔
وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ ملک بھر کے مزید ڈھائی لاکھ طلبہ میں کروم بکس تقسیم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک میرٹ کی بنیاد پر سات لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جاچکے ہیں۔
تعلیمی مواقع میں مساوات کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ غریب اور امیر کے بچوں کو یکساں معیار کی تعلیم ملنی چاہیے۔ ان کے مطابق دانش اسکولز کا دائرہ کار پنجاب کے بعد گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان تک بھی بڑھایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1947 میں پاکستان بزرگوں نے بنایا تھا، جبکہ 2047 کا پاکستان نوجوان اپنی صلاحیتوں، محنت اور وژن سے تشکیل دیں گے۔
خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹا، نوجوانوں کے اسٹارٹ اپس کے لیے 10 فیصد حصہ مقرر
ایک ہزار طلبہ آئی ٹی اور اے آئی کی تعلیم کے لیے چین جائیں گے۔







