میرپور، آزاد کشمیر: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں آج پونچھ ڈویژن کے ضلع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تیسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ باغ کے 3 اور حویلی کے ایک حلقے میں پولنگ ہوگی، جبکہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق چاروں حلقوں میں مجموعی طور پر تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جو اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔
تیسرے مرحلے کے انتخابی مقابلے میں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور آئی پی پی کے سربراہ و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں۔
انتخابی شیڈول میں تبدیلی کے باعث پونچھ ڈویژن کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات پہلے ہی مؤخر کیے جاچکے ہیں۔
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی، جس میں مسلم لیگ ن نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کی تھیں۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ اس مرحلے میں مسلم لیگ ن نے 15 اور پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں جیتیں۔
اب تک 45 رکنی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
تیسرے مرحلے کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں انتخابی عمل مزید واضح ہوجائے گا اور نئی قانون ساز اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کی پوزیشن بھی سامنے آئے گی۔







