نوبل امن انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی جمعہ 14 اگست کو ناروے کے شہر آرینڈال میں منعقد ہونے والے معروف جمہوری میلے ’’آرینڈالسوکا 2026‘‘ میں شرکت کریں گی۔ ملالہ یوسفزئی آرینڈال کلچرل سینٹر میں معروف مصنفہ اور کمنٹیٹر عائشہ وولاسمال کے ساتھ خصوصی گفتگو کریں گی۔
آرینڈالسوکا ناروے کا ایک اہم عوامی اور جمہوری پلیٹ فارم ہے، جہاں سیاست، معاشرت، تعلیم، معیشت، انسانی حقوق اور عالمی امور سمیت مختلف موضوعات پر مباحثے اور گفتگو ہوتی ہے۔ رواں سال آرینڈالسوکا 10 سے 14 اگست تک جاری رہے گی۔
ملالہ یوسفزئی کی آرینڈالسوکا میں شرکت کو اس سال کی اہم عالمی تقریبات میں شمار کیا جا رہا ہے۔ وہ لڑکیوں کے تعلیم کے حق اور انسانی حقوق کے لیے اپنی عالمی جدوجہد کے باعث دنیا بھر میں ایک نمایاں آواز سمجھی جاتی ہیں۔
ملالہ نے پاکستان کے علاقے سوات میں کم عمری سے ہی لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں آواز اٹھانا شروع کی۔ 2012 میں انہیں ایک حملے کا نشانہ بنایا گیا، تاہم وہ اس حملے میں بچ گئیں اور بعد میں عالمی سطح پر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے اپنی جدوجہد مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی۔
2014 میں ملالہ یوسفزئی کو نوبل امن انعام سے نوازا گیا۔ صرف 17 برس کی عمر میں نوبل امن انعام حاصل کرکے وہ اس اعزاز کی تاریخ کی کم عمر ترین امن انعام یافتہ شخصیت بن گئیں۔
ملالہ فنڈ کے ذریعے وہ دنیا بھر میں لڑکیوں کو 12 سالہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کام کر رہی ہیں۔ آرینڈالسوکا میں ہونے والی خصوصی تقریب میں بھی لڑکیوں کی تعلیم، انسانی حقوق اور عالمی سطح پر تعلیم کے مواقع جیسے اہم موضوعات پر گفتگو متوقع ہے۔
ملالہ کی شرکت کے حوالے سے ایک منفرد پہلو یہ بھی ہے کہ انہیں تقریب میں شرکت کے لیے ذاتی معاوضہ نہیں دیا جائے گا۔ اس کے بجائے تقریب سے وابستہ اداروں کی جانب سے تقریباً 12 لاکھ ناروے کرونر کا عطیہ ملالہ فنڈ کو دیا جائے گا، جو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے میں استعمال ہوگا۔
آرینڈالسوکا کے منتظمین کے مطابق ملالہ کو اس تقریب میں مدعو کرنے کی کوشش کئی برس سے جاری تھی۔ ان کی شرکت سے رواں سال کے آرینڈالسوکا پروگرام میں عالمی سطح پر تعلیم اور انسانی حقوق کے موضوع کو مزید اہمیت حاصل ہوگی۔







