پاکستان یونین ناروے کی جانب سے سفیرِ پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب کا شاندار انعقاد

0

پاکستان یونین ناروے کی جانب سے سفیرِ پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب کا شاندار انعقاد کیا گیا۔

اس پروقار تقریب کی صدارت چودھری قمر اقبال چیئرمین پاکستان یونین ناروے کے حصے میں آئی۔

پاکستان یونین ناروے کی جانب سے سفیرِ پاکستان برائے ناروے محترمہ سعدیہ الطاف قاضی کی مدتِ سفارت مکمل ہونے پر ان کے اعزاز میں ایک نہایت پروقار اور پُرتکلف الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس پروقار تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں چوہدری منشا خان، نوید خاور ملک، ڈاکٹر جمیل، جماعت اہلِ سنت ناروے کے صدر و سینئر سماجی رہنما چوہدری زاہد اسلم، محمد اصغر، چوہدری تنویر، میاں بشیر، آصف علی وقاص، نثار ندیم، شاہد جمیل، پاکستان تحریکِ انصاف ناروے کے صدر عمران بشیر خان، راجہ نصیر، عثمان کیانی، شہزیب سلیمی، غفار بٹ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

تقریب میں چوہدری قمر اقبال نے محترمہ سعدیہ الطاف قاضی کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں محبت اور خلوص کی علامت کے طور پر خوبصورت پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، جبکہ ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

اپنے خطاب میں چوہدری قمر اقبال نے سفیرِ پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی کی پاکستانی کمیونٹی کے لیے بے لوث خدمات، خلوص اور مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ سفیر نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کو نہایت احسن انداز میں نبھانے کے ساتھ ساتھ ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور ضروریات کو بھی ہمیشہ اہمیت دی اور ہر ممکن تعاون کے لیے پیش پیش رہیں۔ ان کی خدمات اور محبت کو پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔

محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے اپنے خطاب میں پاکستان یونین ناروے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ناروے میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی ایک قدیم اور فعال تنظیم ہے، جس نے ہمیشہ کمیونٹی کو متحد رکھنے اور پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان یونین ناروے کی تقریبات میں شرکت کرکے ہمیشہ خوشی اور دلی مسرت حاصل ہوئی اور وہ اس کی کسی بھی اہم تقریب میں شرکت سے محروم نہیں رہیں۔

انہوں نے چوہدری قمر اقبال اور ان کی پوری ٹیم کی کمیونٹی کے لیے مسلسل اور انتھک خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تقلید اور مثالی قرار دیا۔
محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ وہ کمیونٹی کے لیے اپنی خدمات کو کوئی غیر معمولی کارنامہ نہیں سمجھتیں، بلکہ اسے اپنے فرائض کا حصہ اور اپنی ذمہ داری سمجھ کر ادا کرتی رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کی خدمت ہمیشہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل رہی اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے لیے کام کرکے انہیں دلی اطمینان اور خوشی حاصل ہوتی رہی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید جمیل نے محترمہ سعدیہ الطاف قاضی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان باوقار شخصیات کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے جنہوں نے نہ صرف پاکستان کی بہترین انداز میں نمائندگی کی بلکہ پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے محترمہ سعدیہ الطاف قاضی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مستقبل کی زندگی کے لیے کامیابی اور خوشحالی کی دعا کی۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے محترمہ سعدیہ الطاف قاضی کی پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں اور مستقبل میں کامیابی کے لیے اپنی دعاؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر پاکستان یونین ناروے کی جانب سے تمام معزز مہمانوں کی آمد اور شرکت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا۔ بالخصوص محترمہ سعدیہ الطاف قاضی اور تمام معزز شرکاء کی تشریف آوری کو تقریب کی رونق اور کامیابی کا باعث قرار دیا گیا۔ آخر میں تمام مہمانوں کے لیے پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس پر منتظمین اور میزبانوں کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں