اوسلو، ناروے: پاکستان یونین ناروے کے بورڈ ممبران کا اجلاس بدھ، 22 جولائی کو منعقد ہوا، جس میں تنظیم کے سالانہ پروگرام کے انتظامات اور پروگرام کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان یونین ناروے کا سالانہ پروگرام ہفتہ، 8 اگست 2026 کو منعقد ہوگا۔
اجلاس کی صدارت چوہدری قمر اقبال نے کی، جبکہ نوید خاور، پروفیسر ڈاکٹر بلال، چوہدری اکرم سیکروالی، ملک پرویز، منشا خان، محمد اصغر، عبدالرحمٰن چوہدری، غفور بٹ، طاہر محمود، اصغر خان، میاں بشیر، شاہد جمیل، غلام سرور، شاہد منیر، وقاص نثار، آصف علی چوہدری، وقار عنصر، میر ناصر، اقبال احمد، عمران خان، شاہد حسین اور دلنواز خان نے اجلاس میں شرکت کی۔
سالانہ پروگرام Get2Gether، Økernveien 145, 0580 Oslo (Gamle Økern Senter) میں شام 17:00 بجے سے 20:00 بجے تک منعقد ہوگا۔ پروگرام میں شرکت کے لیے داخلہ مفت ہوگا جبکہ مہمانوں کے لیے مفت پارکنگ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
منتظمین کی جانب سے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تمام افراد کو پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ مہمانوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ وقت کی پابندی کرتے ہوئے بروقت تشریف لائیں تاکہ پروگرام شام 17:00 بجے مقررہ وقت پر شروع کیا جا سکے۔
بورڈ اجلاس کے دوران سالانہ پروگرام کے تمام امور اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔ پروگرام میں پاکستان اور ناروے کی اہم سیاسی شخصیات کے علاوہ پاکستان اور ناروے سے تعلق رکھنے والے میڈیا نمائندگان کی شرکت متوقع ہے۔ پروگرام کو مزید خوبصورت اور یادگار بنانے کے لیے میوزیکل بینڈ کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
میزبان اور استقبالیہ کمیٹی تمام مہمانوں کا استقبال کرے گی۔ مدعو مہمانوں کے لیے میزیں مخصوص کی گئی ہیں، جبکہ یہ پروگرام ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تمام افراد کے لیے کھلا ہوگا اور فری انٹری رکھی گئی ہے۔
پاکستان یونین ناروے ایک غیر منافع بخش، غیر فنڈڈ اور غیر سیاسی تنظیم ہے۔ تنظیم پاکستانی ورثے، ثقافت، اتحاد اور دیگر اہم سماجی و ثقافتی اقدار کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔
14 اگست یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے ایک خصوصی ڈاکیومنٹری بھی پیش کی جائے گی، جبکہ آزادی پاکستان کے رہنماؤں کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ اس پروقار تقریب کے موقع پر پاکستان اور ناروے دونوں کے قومی ترانے بھی بجائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ، اس سال کے پروگرام کے موقع پر پاکستان یونین ناروے کی جانب سے چار خصوصی “Recognition Awards 2026” بھی دیے جائیں گے۔ یہ اعزازات چار ایسی شخصیات کو پیش کیے جائیں گے جنہوں نے اپنی خدمات اور مثبت کردار کے ذریعے نمایاں اور قابلِ قدر کام کیا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء کے لیے ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر پروگرام کے مقام اور ہال کا باقاعدہ معائنہ بھی کیا گیا تاکہ 8 اگست کو ہونے والے سالانہ پروگرام کے لیے ہال کو بہترین انداز میں سجایا اور تمام انتظامات کو احسن طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
پروگرام کا مقام
Get2Gether
Økernveien 145, 0580 Oslo
Gamle Økern Senter
وقت: شام 17:00 بجے سے 20:00 بجے تک
مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:
فون: 92063161، 92062069، 99548128، 91303618
ای میل: pakforening@gmail.com
رپورٹ: شاہد جمیل اوسلو، ناروے۔







