
لاہور کے علاقہ کاہنہ میں ایک نجی ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ہر درد دل رکھنے والے اور باشعور انسان کے لیے ایک نہایت دل سوز سانحہ ہے۔ یہ معصوم بچے علم کے حصول کی خاطر اپنے گھروں سے نکلے تھے، مگر زندہ واپس نہ لوٹ سکے۔ ان کی کتابیں، بستے اور ادھورے خواب ان کے ساتھ ہی ملبےتلےدفن ہو گئے۔ یہ محض ایک عمارت گرنے کا واقعہ نہیں بلکہ ہمارے تعلیمی نظام، انتظامی غفلت، معاشرتی بے حسی اور حکومتی ترجیحات کی ناکامی کا نوحہ ہے۔
ہمارا یہ عمومی رویہ بن چکا ہے کہ ہم فرائض کی ادائیگی میں غفلت اور لاپرواہی کے مرتکب ٹھہرتے ہیں اور جب کوئی سانحہ رونما ہوتا ہے تو ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے اسے کسی دوسرے کے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یا پھر اسے “اللہ کی مرضی” کہہ کر بری الذمہ ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ نتیجتاً حادثات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
اگر دیکھا جائے تو ہر حادثے کے پیچھے کچھ اسباب اور وجوہات ہوتی ہیں، جنھیں نظر انداز کرنا ہی حادثے کا پیش خیمہ ہوتا ہے۔
وقت کرتا ہے پرورش برسوں
حادثہ ایک دم نہیں ہوتا
(قابل اجمیری)
اگرعقل، شعور اور ذمہ داری کے ساتھ بروقت احتیاطی اور حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں تو ایسے الم ناک حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔
ماں باپ کے لیے زندگی میں اس سے بڑا صدمہ کوئی اور ہو نہیں سکتا کہ وہ اپنے معصوم بچوں کے جنازے اٹھائیں۔ ایسے والدین اندر سے ٹوٹ جاتے ہیں۔ ان کی زندگی ایسے دکھ اور درد میں ڈھل جاتی ہے جس کا کوئی مداوا نہیں ہوتا۔
مصطفیٰ زیدی کا یہ شعر ہمارے قومی ضمیر پر ایک سوال بن کر دستک دیتا ہے کہ
میں کس کے ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کروں
تمام شہر نے پہنے ہوئے ہیں دستانے
تحریر۔ آفتاب وڑائچ







