ناروے میں نریندرا مودی: جمہوریت، سفارت کاری اور سوالوں سے فرار

0

بھارتی وزیرِ اعظم “نریندرا مودی “نے 18 اور 19 مئی 2026 کو ناروے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انڈیا۔نورڈک سمٹ 2026 میں شرکت کی۔

یہ سمٹ بھارت اور شمالی یورپی ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا حصہ ہے جس کا آغاز 2018 میں ہوا تھا اور 2022 کے بعد اب ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ گزشتہ آٹھ برسوں میں بھارت نے نورڈک ممالک کے ساتھ تجارت، گرین انرجی، ٹیکنالوجی اور دفاعی تعاون کو وسعت دینے کی کوشش کی ہے۔

یہ دورہ کئی حوالوں سے تاریخی نوعیت کا حامل تھا، کیونکہ تقریباً چالیس برس قبل 1983 میں بھارتی وزیرِ اعظم” اندرا گاندھی” نے ناروے کا سرکاری دورہ کیا تھا۔ اس کے بعد کسی بھارتی وزیرِ اعظم کا یہ ایک اہم اور نمایاں دورہ تصور کیا جا رہا تھا۔

ناروے کے وزیرِ اعظم Jonas Gahr Støre نے خود ایئرپورٹ پر مودی کا استقبال کیا۔ بعد ازاں شاہی محل میں ناروے کے بادشاہ Harald V سے ملاقات ہوئی، جہاں مودی کو ناروے کے اعلیٰ سول اعزاز“گرینڈ کراس”سے نوازا گیا۔ بھارتی میڈیا نے اس اعزاز کو سفارتی کامیابی قرار دیا، لیکن انسانی حقوق کی عالمی تنظیم Amnesty International نے اس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں، صحافیوں اور سیاسی مخالفین کے ساتھ ہونے والے بد ترین سلوک کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

اوسلو میں منعقدہ ٹاؤن ہال میٹنگ کے دوران سکھ کمیونٹی کے افراد اور خالصتان کے حامی مظاہرین نے بھی مودی حکومت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت میں مذہبی اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں اور اختلافِ رائے کو دبایا جا رہا ہے۔

اسی دوران ناروے کے معروف اخبار Aftenposten نے مودی کا ایک کارٹون شائع کیا، جس میں انہیں تیل کی پائپ لائن کے ساتھ دکھایا گیا۔ یہ کارٹون بھارت کی توانائی پالیسی اور روس کے ساتھ تعلقات پر ایک طنزیہ اشارہ تھا۔ بھارتی سوشل میڈیا پر اس کارٹون پر شدید ردِ عمل دیکھنے میں آیا۔

مودی کے دورہ یورپ کے دوران ایک اور دلچسپ منظر اس وقت سامنے آیا جب سویڈن اور یورپی کمیشن کے مشترکہ پروگرام میں صحافیوں کے سوالات محدود کر دیے گئے۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ تقریبات مکمل طور پر ٹیلی پرامپٹر اور تیار شدہ بیانات تک محدود تھیں۔ جمہوریت صرف تقاریر کا نام نہیں، بلکہ سوال و جواب کا بھی تقاضا کرتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ناروے میں ایک خاتون صحافی Helle Lyng Svendsen کی آواز عالمی میڈیا کی توجہ بن گئی۔ اوسلو میں مشترکہ پریس ٹاک کے دوران انہوں نے بلند آواز میں سوال کیا:
“وزیراعظم مودی، آپ دنیا کے سب سے آزاد پریس کے سوالات کیوں نہیں لیتے؟”
مودی کے پاس اس چبتے ہوئے سوال کا کوئی جواب نہیں تھا۔یہ صرف ایک سوال نہیں تھا بلکہ عالمی جمہوری حلقوں کی اُس تشویش کی عکاسی تھی جو بھارت میں پریس فریڈم کی صورتحال پر مسلسل بڑھ رہی ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ” نریندرا مودی “نے 2014 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد کبھی روایتی انداز میں اکیلے پریس کانفرنس نہیں کی۔ بیرونِ ملک دوروں میں بھی وہ صحافیوں کے براہِ راست سوالات سے اکثر گریز کرتے ہیں۔

بھارت میں سوشل میڈیا کے بعض انتہا پسند صارفین نے ناروے کی صحافی کو“غیر ملکی ایجنٹ”اور“جاسوس” تک قراردے دیا اور الزام لگایا کہ وہ عالمی سطح پر بھارت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

اس موقع پر اپوزیشن راہنما “راہول گاندھی” کا ایک پرانا ٹویٹ دوبارہ وائرل ہوا:
“جب چھپانے کے لیے کچھ نہ ہو، تو ڈرنے کی بھی کوئی وجہ نہیں ہوتی۔ دنیا پر بھارت کی کیا تصویر بنتی ہے جب ایک کمزور اور دباؤ میں آیا ہوا وزیرِ اعظم چند سوالوں سے گھبرا کر بھاگ جاتا ہے؟”

پریس فریڈم کے عالمی اشاریے بھی اسی تشویش کی عکاسی کرتے ہیں۔ Reporters Without Borders کے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں ناروے مسلسل پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت 157ویں نمبر پر ہے۔ ناروے کا اسکور 92.2 بتایا گیا، جو آزاد صحافت کے لیے دنیا کی بہترین فضا کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

دوسری جانب ناروے میں بھارتی سفارت خانے نے ایک ٹویٹ میں صحافیوں کو رات09:00 بجے ریڈیسن بلو پلازہ ہوٹل میں ہونے والی پریس بریفنگ میں مدعو کیا۔ وہاں بھی
Helle Lyng Svendsen نے سوال کیا:
“انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کے باوجود دنیا بھارت پر کیوں اعتماد کرے؟”
بھارت کی وزارتِ خارجہ کے سیکریٹری Sibi George نے تقریباً تیرہ منٹ طویل جواب دیا، جس میں انہوں نے بھارت کو“دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت”قرار دیا، یوگا، شطرنج اور بھارتی تہذیب کا ذکر کیا، لیکن اصل سوال کا واضح جواب دینے سے گریز کیا گیا۔

یہ سارا منظر اس بات کی علامت تھا کہ دنیا اب صرف معاشی طاقت یا سفارتی تقاریب سے مطمئن نہیں ہوتی۔ جدید دنیا میں جمہوریت کی اصل طاقت آزاد صحافت، اختلافِ رائے کو برداشت کرنے اور عوامی جوابدہی میں پوشیدہ ہے۔
اسی یورپی دورے کے دوران اطالوی وزیرِ اعظم Giorgia Meloni کو مودی کی جانب سے ٹافیوں کا تحفہ دینے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی۔ مودی کے حامیوں نے اسے خوشگوار سفارتی لمحہ قرار دیا جبکہ بھارتی اپوزیشن نے اسے سیاسی ڈرامہ بازی کہا۔
“راہول گاندھی”نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بھارت مہنگائی، بے روزگاری، طلبہ کے احتجاج اور معاشی دباؤ جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے جبکہ وزیرِ اعظم“ریلز بنانے”میں مصروف ہیں۔

ناروے کے اس دورے نے ایک بار پھر واضح کیا کہ عالمی سیاست میں اب صرف معاشی معاہدے کافی نہیں۔ دنیا سوال بھی کرتی ہے، اور جمہوری رہنماؤں کو ان سوالوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

تحریر: شاہد جمیل
کالم نگار و سماجی کارکن، اوسلو ناروے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں