ایران کا 200 سے زائد دشمن طیارے مار گرانے کا دعویٰ، آبنائے ہرمز کھولنے کی شرط بھی سامنے آگئی
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر انچیف میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے دوران ایرانی فورسز اب تک 200 سے زیادہ دشمن طیارے تباہ کرچکی ہیں۔
تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی کمانڈر نے کہا کہ جنگ کے دوران ایران نے فوجی کارروائیوں کے ساتھ نفسیاتی، اطلاعاتی اور دیگر محاذوں پر بھی مزاحمت جاری رکھی، جس کے نتیجے میں مخالف قوتوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
مصطفیٰ ایزدی نے موجودہ تنازع کو محض روایتی جنگ قرار دینے کے بجائے اسے ہائبرڈ جنگ قرار دیا۔ ان کے مطابق ایران کو عسکری دباؤ کے ساتھ ساتھ اندرونی طور پر غیر مستحکم کرنے کی کوششیں بھی کی گئیں، تاہم ایرانی ریاست نے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا۔
ایرانی کمانڈر نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ جنگ کے نتیجے میں ملک کا سیاسی نظام کمزور ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایرانی نظام مزید مضبوط اور متحد ہوکر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران نے اپنے مخالفین کے مقابلے میں کم جنگی وسائل استعمال کرتے ہوئے انہیں کہیں زیادہ نقصان پہنچایا، جبکہ دشمن کے نقصانات ایرانی نقصانات سے تقریباً 100 گنا زیادہ رہے۔
دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق بھی اپنا مؤقف واضح کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک امریکا اپنا موجودہ رویہ تبدیل کرکے ایران کی تمام شرائط تسلیم نہیں کرتا۔
تاہم ایرانی فورسز کی جانب سے 200 سے زائد طیارے مار گرانے کے دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔ ماضی میں بھی ایرانی حکام کی جانب سے مخالف طیاروں کی بڑی تعداد تباہ کرنے کے دعوے کیے جاتے رہے ہیں، جن کی آزادانہ تصدیق مشکل رہی ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکی ہتھیاروں کے بڑے پیمانے پر استعمال سے متعلق رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے اپنے اسلحے کا انتہائی معمولی حصہ استعمال کیا ہے۔







