امریکا نے یورپی ممالک سے ہنگامی ڈیزل ذخائر مارکیٹ میں لانے کا مطالبہ کیا تھا، فرانس کی جانب سے 5 کروڑ بیرل ڈیزل جاری کرنے کی تجویز پر بھی غور
برسلز (ویب ڈیسک): یورپی یونین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ڈیزل کی برآمدات محدود یا بند کرنے کی دھمکی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی پابندی کسی کے مفاد میں نہیں ہوگی اور اس سے امریکا اور یورپ کے باہمی اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی انتظامیہ نے فرانس اور جرمنی سمیت یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ہنگامی ڈیزل ذخائر سے مزید ایندھن عالمی مارکیٹ میں فراہم کریں تاکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قابو کرنے میں مدد مل سکے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر یورپی ممالک نے اپنے ذخائر سے مزید ڈیزل مارکیٹ میں فراہم نہ کیا تو امریکا یورپ کو ڈیزل کی برآمدات مکمل طور پر بند یا انتہائی محدود کرنے پر غور کر سکتا ہے۔
یورپی کمیشن کی ترجمان انا کائسا اٹکونن نے امریکی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین ڈیزل کی برآمدات پر کسی بھی پابندی کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ ان کے مطابق ایسی پابندی کسی کے لیے فائدہ مند نہیں ہوگی۔
دوسری جانب عالمی توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے یورپی ممالک نے عالمی توانائی ایجنسی (IEA) کے ساتھ مل کر ہنگامی ذخائر مارکیٹ میں لانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق فرانس کی جانب سے 5 کروڑ بیرل ڈیزل ذخائر جاری کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ عالمی توانائی ایجنسی کے رکن ممالک مزید 5 کروڑ بیرل خام تیل عالمی مارکیٹ میں فراہم کر سکتے ہیں۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطے کے بعد جی7 ممالک کے رہنماؤں کا ویڈیو اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں عالمی منڈی میں خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش نے عالمی توانائی کی فراہمی کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قلت اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
توانائی کی عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے باعث مختلف ممالک ہنگامی ذخائر کے استعمال اور ایندھن کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔







