ڈیون میں رومن دور کا شاندار موزیک دریافت، قدیم ولا کے راز کھل گئے

0

برطانیہ کے علاقے ڈیون میں ماہرین آثارِ قدیمہ نے زمین کے نیچے چھپی رومن دور کی ایک اہم باقیات دریافت کرلی ہیں۔ کھدائی کے دوران چوتھی صدی عیسوی سے تعلق رکھنے والا خوبصورت موزیک سامنے آیا ہے، جسے ہزاروں چھوٹے اور مختلف رنگوں کے پتھروں سے تیار کیا گیا تھا۔

یہ دریافت ہیلبرٹن اور سیمپفورڈ پیورل کے درمیان زرعی علاقے میں واقع ایک قدیم رومن ولا کے مقام سے ہوئی۔ ماہرین کے مطابق موزیک میں پھولوں جیسے خوبصورت نقش و نگار نمایاں ہیں، جو اس دور کے فن اور تعمیراتی مہارت کی عکاسی کرتے ہیں۔

کھدائی کے دوران ماہرین کو ایک وسیع غسل خانے کے آثار بھی ملے۔ اس قدیم حمام میں کئی چھوٹے تالاب، رنگین پلاسٹر سے سجائی گئی دیواروں کے حصے اور مختلف تاریخی اشیا شامل ہیں۔

یونیورسٹی آف ایکسیٹر اور کوٹس وولڈ آرکیالوجی کے ماہرین کی نگرانی میں تقریباً دو ماہ تک کھدائی کا کام جاری رہا، جس میں ماہرین کے ساتھ رضاکاروں نے بھی حصہ لیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مقام رومن دور میں ڈیون کے علاقے میں رومی تہذیب کے اثرات کو سمجھنے کے لیے پہلے ہی اہم سمجھا جاتا تھا، تاہم نئی دریافتوں سے اندازہ ہوا ہے کہ یہ قدیم رہائشی اور تعمیراتی کمپلیکس توقع سے کہیں زیادہ وسیع اور اہم تھا۔

تاریخی شواہد کے مطابق رومی سلطنت نے تقریباً 43 سے 410 عیسوی تک برطانیہ کے بڑے حصے پر حکمرانی کی۔ اس دور کے آثار آج بھی برطانیہ میں رومی طرزِ زندگی، تعمیرات اور مقامی آبادی پر رومی ثقافت کے اثرات کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔

ماہرین آثارِ قدیمہ کے مطابق مزید تحقیق اور کھدائی سے اس قدیم ولا میں رہنے والے افراد، ان کے طرزِ زندگی اور رومی دور کے ڈیون کے بارے میں مزید اہم معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں