ڈیفنس میں بہن بھائی پر مبینہ تشدد، ایس ایس پی کے رشتے داروں اور پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ

0

کراچی کے علاقے ڈیفنس، چھوٹا بخاری میں رہائشی عمارت میں بہن بھائی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی فدا حسین جانوری کی سسرالی رشتے دار خواتین اور موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

درخشاں پولیس نے متاثرہ خاتون نورالعین کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 623 سال 2026 درج کیا۔ مقدمے میں دفعات 147، 148، 379، 427 اور 337-A(1) شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے مطابق نورالعین نے پولیس کو بیان دیا کہ 20 اگست کی شب تقریباً پونے 12 بجے وہ اپنے بھائی اور والدہ کے ہمراہ فلیٹ میں موجود تھیں کہ ایک پولیس اہلکار نے دروازے کی گھنٹی بجا کر انہیں بتایا کہ مریم نامی خاتون نیچے گراؤنڈ فلور پر بلا رہی ہیں۔

نورالعین کے مطابق کچھ دیر بعد مریم مبینہ طور پر گالم گلوچ کرتے ہوئے اوپر آئیں اور دروازے پر لاتیں مارنے لگیں۔ دروازہ کھولنے پر مبینہ طور پر ان کے بال پکڑے گئے اور موبائل فون چھین کر نیچے پھینک دیا گیا۔

بیان کے مطابق جب نورالعین کی والدہ باہر آئیں تو انہیں بھی مبینہ طور پر بالوں سے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ نورالعین کو دیوار سے لگایا گیا، جس سے ان کے چہرے پر چوٹ آئی۔

مدعیہ کے مطابق بعد ازاں مریم اپنی بیٹی اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ دوبارہ وہاں پہنچیں اور موبائل فونز چھیننے کی کوشش کی گئی۔ نورالعین کے مطابق اس دوران ان کے بھائی کا فون نیچے گر گیا جسے مریم نے مبینہ طور پر اٹھا لیا۔

رپورٹ کے مطابق اس واقعے سے قبل سابق ایس ایچ او درخشاں نے مریم کی مدعیت میں نورالعین اور ان کے بھائی کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے انہیں گھر سے گرفتار کیا تھا۔ متاثرہ فریق نے سابق ایس ایچ او پر جانبداری کا الزام عائد کیا ہے۔

پولیس نے اب متاثرہ خاتون کی درخواست پر دوسرے فریق اور موقع پر موجود اہلکاروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے واقعے کی قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

نوٹ: مقدمے میں عائد الزامات زیرِ تفتیش ہیں، اس لیے کسی بھی فریق کو عدالتی فیصلے سے قبل قصوروار قرار نہیں دیا جا سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں