پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر قتل کیس میں اہم پیشرفت

0

پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس کی تحقیقات میں مزید اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے واردات کے مبینہ سہولت کاروں اور دیگر مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل مرکزی ملزم زمان عرف کگی بٹ کے بھائی شہزاد بٹ کے نام پر رجسٹرڈ تھی، جو اس وقت بیرون ملک موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ارسلان مبینہ طور پر دو شوٹرز کے ہمراہ کرائے کی سفید گاڑی میں لاہور پہنچا۔ دونوں شوٹرز کو فردوس مارکیٹ کے قریب موٹرسائیکل فراہم کی گئی اور انہیں جائے وقوعہ کی لوکیشن سے آگاہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مبینہ شوٹرز جعلی نمبر پلیٹ لگی موٹرسائیکل پر عبداللہ طاہر کے کلینک پہنچے، جہاں فائرنگ کرکے انہیں قتل کیا گیا۔ واردات کے بعد دونوں شوٹرز موٹرسائیکل واپس فردوس مارکیٹ لے گئے، جہاں سے ارسلان انہیں گاڑی میں بٹھا کر اسلام آباد روانہ ہوگیا۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمان نے لاہور سے اسلام آباد جاتے ہوئے ٹھوکر نیاز بیگ اور راوی ٹول پلازہ کے درمیان گاڑی سے جعلی نمبر پلیٹ اتار کر اصل نمبر پلیٹ نصب کردی۔

پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد پہنچنے کے بعد تینوں ملزمان ایک اور کرائے کی گاڑی میں وانا روانہ ہوئے۔ اس دوران اسلام آباد سے گوجرانوالہ پہنچنے والی گاڑی ایک کار واش سینٹر پر لے جائی گئی، جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے مالک کو حراست میں لے لیا۔

واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور موٹرسائیکل پولیس کے قبضے میں ہیں جبکہ دو خواتین سمیت متعدد افراد سے تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب پولیس نے عبداللہ طاہر کے ڈرائیور اصغر کو بھی حراست میں لے کر اس کا موبائل فون قبضے میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دورانِ تفتیش ڈرائیور نے عبداللہ طاہر کی نقل و حرکت اور لوکیشن سے متعلق معلومات ایک خاتون ٹک ٹاکر کو فراہم کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس نے ڈرائیور اصغر اور خاتون ٹک ٹاکر سے بالمشافہ تفتیش بھی کی ہے، جبکہ مبینہ طور پر جائے وقوعہ کی ریکی کرنے والے اور گاڑی کرائے پر حاصل کرنے میں مدد دینے والے افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کیس میں مبینہ سہولت کاری کے کردار ادا کرنے والے متعدد افراد زیر حراست ہیں، تاہم مرکزی شوٹرز اور ان کے ساتھی تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی آخری لوکیشن وزیرستان کے علاقے گرباز میں سامنے آئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی کی ٹیم وہاں موجود ہے۔

ہائی پروفائل قتل کیس کی تفتیش ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر ڈی ایس پی سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن سید حسین حیدر کی نگرانی میں جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں