اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس فنانس ڈویژن میں منعقد ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر ڈیلرز کے منافع کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سمری میں موٹر اسپرٹ (ایم ایس) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں نظرثانی کی تجویز پیش کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے مارجن میں اضافے کے مطالبے اور ہڑتال کی دھمکی کے بعد معاملے پر غور کیا، جس کے نتیجے میں ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دی گئی۔
نئی منظوری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کا مارجن بڑھا کر 9.98 روپے فی لیٹر کردیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل ڈیلرز کو 8.64 روپے فی لیٹر مارجن حاصل تھا۔
یوں ڈیلرز کے مارجن میں 1.34 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔
حکومت کی جانب سے مارجن پر نظرثانی کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے کاروباری اخراجات اور منافع کے حوالے سے اپنے مطالبات پر حکومت سے مذاکرات کیے جا رہے تھے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی ریٹیل فروخت میں ڈیلرز کے لیے فی لیٹر مارجن میں اضافہ ہوگیا ہے، تاہم اس فیصلے کے صارفین کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمت پر اثرات کا انحصار دیگر متعلقہ عوامل اور قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر ہوگا۔







