وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کو ہنرمند بنانے اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے ٹیکسٹائل ٹریننگ پروگرام ’شی تھریڈ‘ تیار کرلیا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر 1150 خواتین کو تربیت دے کر روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
پروگرام کے تحت جون تک 2500 دیہی خواتین کو ٹیکسٹائل ٹریننگ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو دورانِ تربیت ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا، جبکہ کورس مکمل ہونے کے بعد ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روزگار فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔
محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام لاہور میں دیہی خواتین کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔ پروگرام کے تحت خواتین کو انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر اور اپیرل سپروائزر کی تربیت دی جائے گی۔
تربیتی پروگرام کے لیے لاہور کے قریب ملتان روڈ پر واقع شاہکام انڈسٹریز میں انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں تین ماہ کا کورس کروایا جائے گا۔ اس دوران کلاس روم تدریس کے ساتھ عملی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
پروگرام میں داخلے کے لیے خواتین کی عمر 18 سے 45 سال، پنجاب کا رہائشی یا ڈومیسائل ہونا اور کم از کم میٹرک کی تعلیمی قابلیت ضروری ہے۔ خواہش مند خواتین قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے ساتھ شاہکام انڈسٹریز میں درخواست جمع کراسکتی ہیں۔
ابتدائی جانچ پڑتال اور اہلیت کی تصدیق کے بعد داخلے سے قبل امیدوار خواتین کو حلف نامہ بھی جمع کروانا ہوگا۔ رجسٹریشن سے متعلق مزید معلومات اسسٹنٹ کمشنرز، یونین کونسل سیکریٹریز اور متعلقہ ضلعی دفاتر سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے مطابق پروگرام کا مقصد دیہی خواتین کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھا کر باوقار روزگار کے قابل بنانا اور انہیں ٹیکسٹائل انڈسٹری سے منسلک کرنا ہے۔







