اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے کے بعد اسپتال کے بجٹ اور مالی معاملات کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق وفاقی حکومت نے گزشتہ تین سال کے دوران پمز اسپتال کے لیے تقریباً 22 ارب روپے کا بجٹ فراہم کیا۔
گزشتہ مالی سال پمز کے لیے 6 ارب 84 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے، جبکہ اسپتال انتظامیہ نے 7 ارب 51 کروڑ روپے خرچ کیے۔ اس طرح مختص رقم سے تقریباً 67 کروڑ روپے زیادہ خرچ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پمز کو گزشتہ سال تقریباً 66 کروڑ روپے اضافی بجٹ بھی فراہم کیا گیا، جبکہ رواں مالی سال اسپتال کے لیے 7 ارب 63 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مرمت اور دیکھ بھال کے لیے بھی پمز کو کروڑوں روپے فراہم کیے گئے۔ گزشتہ سال اس مد میں 50 کروڑ روپے دیے گئے، جبکہ رواں سال مرمت اور دیکھ بھال کے لیے 23 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ مالی تفصیلات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر کی نرسری میں آگ لگنے سے متعدد نومولود جاں بحق ہوئے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور آگ لگنے کی حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔
واقعے کے بعد اسپتال میں فائر سیفٹی، انتظامی نگرانی اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بھی اہم سوالات اٹھ رہے ہیں۔







