اوسلو: (ناروے) سینٹرل جماعت اہلسنت اوسلو کی سب سے بڑی جامع مسجد میں منتظمینِ جماعت اہلسنت اور بانی “سکون آرگینائزیشن” شاہد جمیل صاحب نے ایک ہنگامی میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی بڑی تباہ کاریوں اور ان کے سد باب کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر بانی صدر “سکون آرگینائزیشن” شاہد جمیل صاحب نے صدر جماعت اہلسنت چودھری زہد اسلم صاحب، امام اہلسنت محترم مولانا نعمت اللہ شاد صاحب اور دیگر منتظمین کو پاکستان کے مختلف علاقوں سیالکوٹ، نارووال، ظفروال، شکرگڑھ، وزیر آباد، منڈی بہاؤ الدین وغیرہ (پنجاب) جبکہ سوات، بنیر، باجوڑ وغیرہ (خیبر پختون خواہ )میں آنے والے حالیہ سیلاب اور اس کے نتیجے میں ہونے والی بڑے پیمانے پر تباہ کاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
“سکون آرگینائزیشن” میدانِ عمل میں
اس ہنگامی میٹنگ میں بانی و صدر “سکون آرگینائزیشن” شاہد جمیل صاحب نے بتایا کہ پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے جن علاقوں میں سیلاب نے انسانی زندگی کو مفلوج کیا ہے وہاں “سکون آرگینائزیشن” بحالی کے عمل میں پیش پیش ہے،
“سکون آرگینائزیشن” کے ولنٹیرز دن رات ان علاقوں میں متاثرینِ سیلاب کی خدمت میں کوشاں ہیں، انہوں نے بتایا کہ “سکون آرگینائزیشن” اب تک 400 سے زائد سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک مہیا کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے ۔
بانی و صدر “سکون آرگینائزیشن” شاہد جمیل صاحب نے اپنی گفتگو میں مزید بتایا کہ سیلاب سے ان متاثرہ علاقوں میں ہمارے ولنٹیرز خدمت کے جذبے سے سرشار دن رات اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں کوشاں ہیں, انہوں نے کہا کہ “سکون آرگینائزیشن” اب تک سینکڑوں خاندانوں میں کمبل, گرم کپڑے, دیگر ملبوسات, کھانا, پانی, خشک راشن, ادویات, خیمے, وغیرہ مہیا کر چکی ہے اور خدمت کا یہ سفر اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ سیلاب سے متاثرہ آخری شخص بھی اپنی عملی زندگی کی طرف لوٹ نہیں آتا۔
اس ہنگامی میٹنگ کے آخر میں امام اہلسنت جماعت محترم مولانا نعمت اللہ شاد صاحب اور صدر اہلسنت جماعت چودھری زاہد اسلم صاحب نے
“سکون آرگینائزیشن” کے کام کو خوب سراہا اور خراج تحسین پیش کیا اور وعدہ کیا کہ انسانی خدمت کے اس خوبصورت عمل میں وہ “سکون آرگینائزیشن” کہ شانہ بشانہ ہر ممکن تعاون کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔










