تہران: امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت کی شکست اور اسرائیلی انتخابات میں وزیراعظم نیتن یاہو کی جماعت کے سادہ اکثریت حاصل نہ کرپانے پر ایران میں جشن منایا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی دارالحکومت تہران کے مشہور انقلاب اسکوائر میں امریکی سفارت خانے پر قبضے کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر ہزاروں افراد جمع ہوئے اور امریکا و اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا۔
اس موقع پر مظاہرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی انتخابی ناکامیوں پر خوشی کا اظہار کیا اور دونوں رہنماؤں کے پتلے نذرِ آتش کیے۔
مظاہرین نے ایران کے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کا بدلہ لینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ احتجاج کے دوران ایک بڑا پوسٹر بھی جلایا گیا جس پر صدر ٹرمپ، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی تصاویر موجود تھیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں نیتن یاہو کو حکومت سازی کے لیے مشکلات کا سامنا ہے جبکہ امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد صدر ٹرمپ کی سیاسی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
مبصرین کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی دونوں ممالک کی داخلی سیاست پر اثرانداز ہونے والے اہم عوامل میں شامل ہیں۔







