ویب ڈیسک October 02, 2025 facebook twitter whatsup mail اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’’بزدلانہ حملہ‘‘ قرار دیا ہے۔ وزیرِاعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اسرائیلی فورسز کی جانب سے 40 کشتیوں پر مشتمل صمود غزہ فلوٹیلا پر حملے کی سخت مذمت کرتا ہے، جو 44 ممالک سے تعلق رکھنے والے 450 سے زائد انسانی حقوق کے کارکنان اور امدادی رضا کار لے جا رہا تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ان کارکنوں کا ’’جرم‘‘ صرف یہ تھا کہ وہ غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کے لیے امداد لے کر جا رہے تھے۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کو ’’وحشیانہ عمل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بربریت کو فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔ وزیرِاعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’امن کو ایک موقع دیا جانا چاہیے اور امداد ہر حال میں ضرورت مندوں تک پہنچنی چاہیے‘‘۔ یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے حالیہ دنوں میں صمود فلوٹیلا کو غزہ پہنچنے سے روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا، جس پر دنیا بھر میں مذمتی بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ فلوٹیلا میں شامل کارکنان کا کہنا تھا کہ وہ خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان غزہ کے جنگ زدہ عوام تک پہنچانے کے مشن پر نکلے تھے۔

0

اسرائیلی افواج نے غزہ جانے والی گلوبل صمود فلوٹیلا پر کارروائی کرتے ہوئے 37 ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا جن میں گریٹا تھنبرک اور مشتاق احمد بھی شامل ہیں۔

یہ افراد فلوٹیلا کی 13 کشتیوں میں سوار تھے جو غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق فلوٹیلا کے ترجمان سیف ابوکشیک نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں تصدیق کی کہ حراست میں لیے گئے افراد میں 30 اسپین، 22 اٹلی، 21 ترکی اور 12 ملائیشیا کے شہری شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ گرفتاریوں کے باوجود مشن جاری ہے اور تقریباً 30 کشتیاں اب بھی بحیرہ روم کے راستے غزہ پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق: “ہمارے رضاکار پرعزم اور باحوصلہ ہیں اور صبح تک غزہ کے ساحل تک پہنچنے کی پوری کوشش کریں گے۔”

دوسری جانب، پاکستان فلسطین فورم نے انکشاف کیا ہے کہ فلوٹیلا میں پاکستانی وفد کی قیادت کرنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو بھی اسرائیلی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے۔ فورم کے مطابق صرف ایک مبصر کشتی (observer boat) فرار ہونے میں کامیاب ہوئی، جس پر پاکستانی مندوب سید ازیر نظامی سوار تھے۔

پاکستانی وفد کے دیگر اراکین کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور فلسطین حامی گروپوں نے اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں