نیپال اور تبت میں تباہ کن سیلاب، ہلاکتیں 675 تک پہنچ گئیں، 2400 سے زائد افراد لاپتا

0

کٹھمنڈو: نیپال میں آنے والے اچانک اور شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 675 افراد جاں بحق جبکہ 2 ہزار 400 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔

نیپال اور تبت کی سرحدی علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق لاپتا افراد میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔

چین کے تبت خودمختار علاقے میں بھی شدید سیلاب اور مٹی کے تودوں کے باعث کم از کم 16 افراد ہلاک اور 546 افراد لاپتا ہیں۔ چینی حکام کے مطابق لاپتا افراد میں 23 ممالک کے 261 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔

لاپتا غیر ملکی شہریوں میں برطانیہ، نیپال، بھارت، امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، جرمنی، روس، فرانس، نیدرلینڈز اور دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔ متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔

نیپال کے بعض علاقوں میں دریاؤں کی سطح میں اضافے کے باعث مزید سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔ حکام نے دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔

شدید سیلابی ریلوں اور ملبے نے شمالی نیپال کے سیاحتی اور مذہبی علاقوں کو بھی متاثر کیا، جبکہ بعض علاقوں میں سڑکوں اور سرحدی راستوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

امریکا نے سیلاب متاثرین کے لیے 3.6 ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امدادی پیکیج میں 10 ہزار متاثرہ خاندانوں کو تین ماہ تک ہنگامی خوراک کی فراہمی بھی شامل ہے۔

حکام کے مطابق ریسکیو کارروائیوں کے دوران لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے، تاہم خراب موسم، ملبے اور متاثرہ راستوں کے باعث امدادی سرگرمیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں