نیتن یاہو کا غزہ امن منصوبے سے اختلاف، اسرائیلی فوج کے انخلا سے انکار

0

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کیے گئے 15 نکاتی غزہ امن منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے فوری انخلا کو مسترد کردیا ہے۔

کابینہ اجلاس سے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی فوج اس وقت تک غزہ سے واپس نہیں جائے گی جب تک حماس کو مکمل طور پر غیرمسلح نہیں کردیا جاتا اور اسرائیل کو درپیش سیکیورٹی خطرات ختم نہیں ہوجاتے۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل حماس کے محض رسمی یا نامکمل غیرمسلح ہونے کو قبول نہیں کرے گا بلکہ مکمل اور حقیقی غیرمسلح کرنے کا مطالبہ کرے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ امریکی حکام کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت جاری ہے۔ ان کے مطابق امریکی منصوبے میں کچھ تجاویز ایسی ہیں جنہیں اسرائیل قبول کرسکتا ہے، جبکہ بعض نکات پر اسرائیل کو اعتراضات ہیں۔

دوسری جانب حماس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ تنظیم معاہدے میں کیے گئے وعدوں پر قائم ہے اور امریکی صدر کے پیش کردہ امن منصوبے پر سنجیدگی سے عمل درآمد کے لیے تیار ہے۔

حماس نے ثالث ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ معاہدے پر تمام فریق یکساں طور پر عمل کریں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 15 نکاتی منصوبے میں غزہ میں جنگ بندی، حماس کو غیرمسلح کرنے اور علاقے سے اسرائیلی فوج کی واپسی سمیت مختلف تجاویز شامل ہیں۔

منصوبے کے مطابق غزہ کا انتظام ایک غیرجانب دار نظام کے تحت چلانے اور علاقے کی بحالی و تعمیر نو کے لیے ایک خصوصی بورڈ قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

تاہم اسرائیل کی جانب سے فوجی انخلا کو حماس کے مکمل غیرمسلح ہونے سے مشروط کیے جانے کے بعد امن منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے نئے اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

غزہ میں جنگ بندی کے مستقبل کا انحصار اب اسرائیل، حماس اور ثالثوں کے درمیان جاری مذاکرات میں ان اختلافات کو دور کرنے پر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں