ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے ستارۂ امتیاز کی نامزدگیاں مسترد ہوئیں: سندھ کے وزیر ثقافت

0

کراچی: سندھ کے وزیرِ ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے معروف اداکاروں ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے نام ستارۂ امتیاز کے لیے تجویز کیے تھے، تاہم وفاقی حکومت نے دونوں نامزدگیاں مسترد کردیں۔

کراچی میں منعقدہ تھیٹر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ سندھ کے محکمہ ثقافت کی جانب سے دونوں فنکاروں کے نام قومی اعزاز کے لیے دو مرتبہ بھیجے گئے۔

سید ذوالفقار علی شاہ کے مطابق ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی نامزدگی ایک باقاعدہ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر کی گئی تھی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات شامل تھیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے دونوں فنکاروں کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے نام ستارۂ امتیاز کے لیے وفاق کو ارسال کیے، تاہم وفاقی سطح پر دونوں تجاویز منظور نہیں کی گئیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نامزدگیاں مسترد کیے جانے کی کوئی وجہ سندھ حکومت کو نہیں بتائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فنونِ لطیفہ اور ثقافت سے وابستہ شخصیات کی خدمات کو قومی سطح پر تسلیم کرنا ضروری ہے، کیونکہ یہ فنکار ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے نمایاں نام ہیں اور دونوں نے فلم، ڈرامہ اور دیگر تفریحی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں