لیاری یونیورسٹی کے گریڈ 17 افسر پر رشوت کا الزام، دو سرکاری ملازمتوں کی بھی تحقیقات

0

کراچی کے علاقے لیاری میں واقع بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی میں اینٹی کرپشن کارروائی کے دوران مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے پکڑے جانے والے گریڈ 17 کے افسر آغا عدنان احمد کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے انہیں معطل کرکے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم نے رشوت ستانی کی شکایت پر یونیورسٹی میں کارروائی کی، جہاں گریڈ 17 کے افسر آغا عدنان احمد کو مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ کارروائی کی ویڈیو بھی سامنے آئی، جس میں اہلکاروں کو افسر کی تلاشی لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور مبینہ طور پر رقم بھی برآمد کی گئی۔

واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے آغا عدنان احمد کو فوری طور پر معطل کرکے ان کی تمام سرکاری ذمہ داریاں، اسائنمنٹس اور عہدے واپس لے لیے ہیں۔ انہیں یونیورسٹی کے احاطے، سرکاری ریکارڈ، سرکاری ای میل اور سسٹم اکاؤنٹس تک رسائی سے بھی روک دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے انہیں 24 گھنٹوں کے اندر تمام سرکاری املاک، فائلیں، چابیاں اور دستاویزات رجسٹرار آفس کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تحقیقات اور انکوائری مکمل ہونے تک ان کی تنخواہ اور دیگر قابلِ قبول الاؤنسز روکنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب آغا عدنان احمد کے بیک وقت دو سرکاری ملازمتیں کرنے کا الزام بھی سامنے آیا ہے۔ محکمہ جامعات کے ذرائع کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ صوبائی وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو کو بھی اس حوالے سے شکایات موصول ہوئی ہیں۔

صوبائی وزیر نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ آغا عدنان احمد کی دونوں سرکاری ملازمتوں، تقرریوں، حاضری، تنخواہوں، مراعات، تعیناتی کے احکامات اور بیک وقت دو سرکاری عہدوں پر فائز رہنے کی قانونی حیثیت سے متعلق مکمل ریکارڈ پیش کیا جائے۔

آغا عدنان احمد پر یونیورسٹی میں انسپکٹر کالجیٹ کی اضافی ذمہ داری کے دوران مختلف کالجز کو یونیورسٹی سے الحاق دلوانے کے معاملات میں مبینہ اضافی رقوم وصول کرنے اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

وزیر جامعات کے ترجمان کے مطابق ان شکایات اور الزامات کی حتمی حیثیت تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوگی۔ اگر دو سرکاری ملازمتوں، اختیارات کے ناجائز استعمال، رشوت ستانی یا مالی بے ضابطگیوں کے الزامات ثابت ہوئے تو قانون، سروس رولز اور یونیورسٹی کے قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آغا عدنان احمد کے خلاف موجودہ کارروائی جاری تحقیقات اور انکوائری کے تناظر میں کی گئی ہے، جبکہ حتمی ذمہ داری کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں